ممبئی(ایجنسیاں)معروف بالی ووڈ اداکار ورون دھون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں وہ گلوکار ادت نارائن سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ واقعہ ورون دھون کی نئی فلم بارڈر 2 کی تشہیری تقریب کے دوران پیش آیا، جس کی ہدایتکاری انوراگ سنگھ نے کی ہے اور فلم میں سنی دیول، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹی بھی شامل ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ورون دھون فوٹوگرافروں کے لیے پوز دے رہے تھے کہ ادت نارائن آگے بڑھ کر ان سے ہاتھ ملانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ورون دھون پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور سونو نگم اور شلپا شیٹی سے ملاقات کے لیے آگے بڑھ جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ورون دھون کے اس رویے پر سوال اٹھائے، کچھ نے اسے لیجنڈ گلوکار کی توہین قرار دیا جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ اس کے پیچھے ممکنہ طور پر کوئی اور وجہ ہو سکتی ہے۔ فلم بارڈر 2 23 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

