بیجنگ (نمائندہ خصوصی) – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کونسل کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد تیانجن سے بلٹ ٹرین کے ذریعے بیجنگ پہنچ گئے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق، بیجنگ کے جنوبی ریلوے اسٹیشن پر وزیراعظم کا استقبال نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن وینگ ہانگ نے کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ان کی ملاقاتیں چینی صدر شی جن پنگ، چینی وزیراعظم اور دیگر عالمی رہنماؤں سے متوقع ہیں۔علاوہ ازیں، وزیراعظم چین-پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں بھی خطاب کریں گے۔

