کوالالمپور (نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، جہاں ملائیشیا کے وزیرِ اطلاعات، پاکستانی ہائی کمشنر اور سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے خود استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہوئی، اور پرتپاک استقبال پر وزیرِاعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا تھا کہ وہ اپنے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر جا رہے ہیں۔ان کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں تجارتی و اقتصادی امور کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر گفتگو ہوگی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے اس سرکاری دورے کو دونوں ممالک کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

