اوٹاوا (سی بی سی نیوز، گلوبل نیوز، نیشنل پوسٹ، رائٹرز)وزیراعظم مارک کارنی نے کینیڈا میں ڈیفنس انویسٹمنٹ ایجنسی کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو دفاعی خریداری کے عمل کو تیز اور جدید بنانے کیلئےتشکیل دی گئی ایک نئی تنظیم ہے۔ یہ اقدام حکومت کے اُس جامع منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد کینیڈین مسلح افواج کی بحالی، از سرِ نو تعمیر اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا کہ’’یہ نئی ایجنسی ہماری مسلح افواج کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہتر طور پر لیس کریگی۔ یہ کینیڈین ورکرز اور کاروباروں، خصوصاً پیل ریجن جیسے علاقوں کیلئے، قومی سلامتی اور اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کا ایک بڑا موقع بھی ہے۔‘‘
اس وقت کینیڈا میں دفاعی خریداری کا عمل پیچیدہ اور سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث اہم عسکری ساز و سامان میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ نئی ایجنسی کے قیام سے یہ عمل مرکزی، تیز اور مؤثر بن جائے گا تاکہ فوج کو بروقت مطلوبہ آلات فراہم کیے جا سکیں۔
“ڈیفنس انویسٹمنٹ ایجنسی کے کلیدی اہداف”
تیز تر خریداری: مرکزی منظوریوں اور ماہر عملے کے ذریعے حصولی عمل میں رفتار پیدا کی جائیگی۔
ملکی ترقی: دفاعی سرمایہ کاری مقامی صنعتوں جیسے ایرو اسپیس، شپ بلڈنگ اور ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کو تقویت دے گی، جس سے اعلیٰ تنخواہوں والی ملازمتیں پیدا ہونگی۔
حکمتِ عملی تعاون: فوج اور صنعت کے درمیان پہلے مرحلے سے ہی شراکت بہتر منصوبہ بندی اور تیاری کو فروغ دیگی۔
بین الاقوامی شراکتیں: یہ ایجنسی کینیڈا کو برطانیہ، آسٹریلیا اور فرانس جیسے اتحادیوں کے ساتھ ہم آہنگ کریگی اور نیٹو و یورپی یونین کے دفاعی منصوبوں میں معاونت فراہم کریگی۔
ایجنسی کی قیادت کیلئے ڈگ گزمین کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مقرر کیا گیا ہے۔ وہ مالیاتی و سرمایہ کاری کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور آر بی سی و گولڈمین ساکس میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وزیراعظم مارک کارنی نے کہا’’کینیڈا کی قیادت کو نہ صرف ہماری اقدار کی مضبوطی بلکہ ہماری قوت کی قدر سے بھی پہچانا جانا چاہیے۔‘‘
ڈگ گزمین نے اپنے بیان میں کہا’’ہم اپنی مسلح افواج کو لیس کرنے کے عمل میں تیزی اور سادگی لائیں گے، جبکہ کینیڈا کی صنعتی صلاحیت کو بھی مضبوط بنائیں گے۔‘‘

