وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے ایران کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا اور اسرائیل کی بلااشتعال اور بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں اور یہ اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت اپنی دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہ اشتعال انگیزی اور مہم جوئی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئےسنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری انسانیت سوز نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظالمانہ مہم مکمل بےخوفی اور قانونی احتساب سے مبرا ہوکر جاری ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے اسرائیل کے جارحانہ رویے اور غیرقانونی اقدامات کا سدباب کریں۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان نے اس نازک وقت میں ایران کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا مظاہرہ کیا، بالخصوص سلامتی کونسل میں واضح مؤقف اختیار کر کے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

صدر پیزشکیان نے وزیراعظم کو ایران کے نقطۂ نظر سے موجودہ بحران پر آگاہ کیا اور زور دیا کہ اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد کے ساتھ ان خطرات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس حوالے سے قریبی رابطے میں رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں