وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں اور قومی یکجہتی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے تحت ملک کا دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا”ہماری بہادر افواج نے وطن کے دفاع میں مثالی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ خوش آئند ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ”پارلیمنٹ نے بحران کے دوران مثبت اور توانا کردار ادا کیا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور قومی مفاد میں مؤقف اختیار کر کے تحسین کا مستحق کردار ادا کیا۔”نواز شریف نے گفتگو کے اختتام پر اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیا اور کہا کہ پوری قوم کو اس پر شکرگزار ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں