پشاور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت 3 ارب روپے کے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات دے دیے جن پر عمل کرتے ہوئے محکمہ خزانہ نے فنڈز ریلیز کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
“صحت کارڈ فنڈز ریلیز کی تفصیلات”
ڈان نیوز کے مطابق، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صحت کارڈ پلس پروگرام پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر 3 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات دیے۔وزیراعلیٰ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے فنڈز ریلیز نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
“مشیر حکومت مزمل اسلم کا بیان”
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر مزمل اسلم نے اس موقع پر کہا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حلف اٹھاتے ہی عوام کیلئے صحت کارڈ پلس سہولت بحال کر دی تھی، جو اب تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں محکمہ خزانہ نے صحت کارڈ کیلئےمجموعی طور پر 41 ارب روپے مختص کیے ہیں، جب کہ گزشتہ سال یہ رقم 36 ارب روپے تھی۔ان کے مطابق اب تک 4 ماہ میں 9.65 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔
“علاج سب کیلئے — بانی پی ٹی آئی کا ویژن”
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ویژن “علاج سب کیلئے” کے اصول کے تحت یہ سہولت مفت اور بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر صحت کارڈ کی معطلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔
“ہسپتالوں کو ادائیگیاں جاری”
مزمل اسلم نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو صحت کارڈ کے تحت ادائیگیاں معمول کے مطابق ہو رہی ہیں، اور صوبے بھر میں عوام کو صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولت بلا رکاوٹ دستیاب ہے۔

