وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا

صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن سےسستی بجلی کے منصوبےصنعتی ترقی کے فروغ میں کردار ادا کرینگے

لوئر دیر(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لوئر دیر میں 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھائی جا رہی ہے، جو 11 ہائیڈرو منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل ممکن بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے غیر ملکی انجینئرز کو صوبے کے دورے کے لیے این او سی جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے اور مقامی پاور ہاؤسز سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پن بجلی کے وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے اور صاف و سستی توانائی کے منصوبے روزگار کے فروغ اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے وفاق پر خیبرپختونخوا کے 3 ہزار ارب روپے واجب الادا ہونے کی بات بھی یاد دلائی اور کہا کہ یہ نقصان صرف صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی نے منصوبے عوام کے لیے شروع کیے اور افتتاح کے وقت حکومت کی موجودگی کے بارے میں کوئی فرق نہیں ڈالا۔