وسیم اکرم پی ایس ایل کیلئے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئےسابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ پی ایس ایل رواں سال 26 مارچ کی بجائے تمام فرنچائز کی مشاورت سے 23 مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ اکیڈمی کو ریجن کی بہترین اکیڈمی بنانے کا ہدف ہے، اور پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد ملتان سلطان کی نیلامی ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کیلئے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کیا ہے اور اس سال ملتان سلطانز کو پی سی بی خود آپریٹ کرے گا۔ پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، جبکہ نیوز چینل کو اسپورٹس ایونٹ کی کوریج کیلئے وزیر اطلاعات سے درخواست کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہینز کو بھی مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور 8 جنوری اہم دن ہوگا، جب ٹیمیں اچھی فروخت ہوں گی۔

محسن نقوی نے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ جو بھی ہوگا وہ برابری کی سطح پر ہوگا، اور اگر بھارتی ٹیم ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتی تو ہمیں بھی کوئی شوق نہیں۔ انہوں نے ریڈ بال کے کوچ کے انتخاب اور بھارتی انڈر19 ٹیم کے رویے پر آئی سی سی سے بات کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں اب تک صرف 3 ٹی ٹوینٹی میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔