برامپٹن (نمائندہ خصوصی)رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے آج اپنے وفاقی ساتھیوں کے ہمراہ برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن اور سٹی آف برامپٹن سے ملاقات کی، جس میں وفاقی بجٹ 2025 کے ذریعے شہر کیلئےبہتر، محفوظ اور سب کیلئے جامع کمیونٹی کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایم پی سونیا سدھو نے بجٹ 2025 کیلئے اپنی ترجیحات پیش کیں جو برامپٹن کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کینیڈین انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ ریسرچ کے ذریعے کینسر اور ذیابیطس جیسی دائمی بیماریوں پر تحقیق میں مسلسل وفاقی سرمایہ کاری پر زور دیا تاکہ خاندانوں کیلئےصحت کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

سونیا سدھو نے جامع کمیونٹی انفراسٹرکچر کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور مجوزہ ایمبلٹن کمیونٹی سینٹر کو ایک اہم منصوبہ قرار دیا جو شہریوں کو جدید اور قابلِ رسائی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے برامپٹن کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئےٹورنٹو میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کی حمایت کی اہمیت اجاگر کی، جس سے مستقبل کے طبی ماہرین کی تربیت اور مقامی صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔
سونیا نے کہا”برامپٹن تیزی سے بڑھتا ہوا شہر ہے جس میں شاندار صلاحیت موجود ہے۔ بجٹ 2025 ہمارے لئے موقع ہے کہ ہم ایسی سرمایہ کاری فراہم کریں جو صحت کے نتائج کو بہتر بنائے، جامع کمیونٹی اسپیسز تعمیر کرے اور ایسی ہیلتھ ریسرچ کی حمایت کرے جس سے پورے کینیڈا کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے۔”
انہوں نے مزید کہا”ہم اپنی سٹی، صوبے اور کمیونٹی پارٹنرز کے ساتھ مل کر یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ بجٹ 2025 برامپٹن کے شہریوں کیلئےوہ سرمایہ کاری لے کر آئے جس کے وہ حقدار ہیں۔”

