وفاقی حکومت کا فلسطین کیلئے فوری امداد روانہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے فلسطینی عوام کیلئے فوری امدادی سامان روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) 100 ٹن امداد پر مشتمل دو کارگو طیارے اگلے دو روز میں اردن اور مصر کے ذریعے روانہ کرے گی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر فلسطینی مسلمانوں کیلئےفوری امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق یہ امدادی سامان دو خصوصی کارگو پروازوں کے ذریعے بھیجا جائے گا، جن کی روانگی اگلے دو دنوں میں متوقع ہے۔

حکام کے مطابق امدادی سامان اردن اور مصر کے راستے فلسطین پہنچایا جائے گا تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر طریقے سے امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار امدادی سامان کی روانگی اور ترسیل کے تمام مراحل کی نگرانی کریں گے۔ اسی دوران اردن اور مصر میں تعینات پاکستانی سفیر اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ امداد فلسطینی علاقوں تک صحیح طور پر پہنچے۔این ڈی ایم اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں