وِٹبی(نمائندہ خصوصی)وِٹبی شہر میں” 55 پلس ریکریشن سینٹر “کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد کیاگیا.اس گولڈن جوبلی تقریب میں کمیونٹی اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران شرکاء نے سینٹر سے وابستہ یادگار لمحات کو تازہ کیا اور ان افراد و خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران اس مرکز کو دوستی، سرگرمیوں، خوشی اور سماجی ہم آہنگی کا اہم مرکز بنانے میں کردار ادا کیا۔

اس موقع پر آرٹسٹ میگن کی جانب سے تیار کردہ خوبصورت دیوار گیر (میورل) خصوصی توجہ کا مرکز رہی جس میں وِٹبی کے پھول میری گولڈ اور کینیڈا سے محبت کی عکاسی کی گئی، جبکہ اسے مقامی ورثے، استقامت اور قومی شناخت کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب میں مرحومہ ایلسی کو بھی یاد کیا گیا جنہیں ایک مہربان اور انسان دوست شخصیت کے طور پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مضبوط کمیونٹیز ہمدردی، شمولیت اور باہمی احترام کے جذبے سے تشکیل پاتی ہیں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 55 پلس ریکریشن سینٹر آئندہ بھی وِٹبی میں سماجی روابط کے فروغ اور بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔

