ویانا : پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام “آرٹ فار گلوبل پیس” نمائش کاانعقاد

ویانا (محمد عامر صدیق سے) اقوام متحدہ کے دفتر ویانا میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام “آرٹ فار گلوبل پیس” کے عنوان سے دو روزہ آرٹ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد فن کے ذریعے عالمی امن، رواداری اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔

نمائش کا افتتاح آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی و بین الاقوامی امور کے منسٹر کرسٹوف مےنبرگ، منسٹر پلینپوٹینٹری اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول نے بطور مہمانِ خصوصی کیا۔پاکستان کے سفیر محمد کامران اختر نے افتتاحی کلمات میں قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستان کے عالمی امن کے عزم پر روشنی ڈالی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر محمد کامران اختر نے کہا کہ “یہ نمائش قائداعظم محمد علی جناح کے وژن سے متاثر ہے اور عالمی امن، انصاف اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فن و ثقافت کا ورثہ تکثیریت، رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دیتا ہے، جو ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کی علامت ہیں جو خوف، تشدد اور نفرت سے پاک ہو۔سفیر نے مزید کہا کہ فن انسانیت کو جوڑنے اور سرحدوں سے ماورا اتحاد پیدا کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔

مہمانِ خصوصی کرسٹوف مےنبرگ نے پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور تنوع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ روایتی اور جدید موضوعات کو خوبصورتی سے یکجا کر کے عالمی سطح پر مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ویانا میں تعینات سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے نمائندوں، آسٹریا کے شہریوں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کے اس تخلیقی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت اور امن دوست تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔

دو روزہ آرٹ نمائش “آرٹ فار گلوبل پیس” پاکستان کے ثقافتی ورثے اور عالمی امن کے فروغ کیلئے اس کے عزم کی روشن مثال قرار دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں