تہران(سپورٹس ڈیسک) ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2025 میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے گروپ میچ میں بنگلادیش کو 6-10 سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔
بنگلادیش کے خلاف اس اہم مقابلے میں عبدالرزاق، عاشر عباس، محمد ریحان اور سعید اختر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ کل میزبان ایران کے خلاف کھیلے گی، جو سیمی فائنل تک رسائی کے سفر میں ایک اور اہم امتحان ہوگا۔
بنگلادیش کو گروپ مرحلے میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ چکے ہیں۔
پاکستان بیس بال فیڈریشن کے عہدیداران نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم مکمل اعتماد اور تیاری کے ساتھ میدان میں اُتری ہے، اور انہیں اُمید ہے کہ پاکستان ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب ہوگا۔

