ویمنز ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی

کولمبو (جیو نیوز / پی ٹی وی اسپورٹس / ڈان اسپورٹس)ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان ویمنز ٹیم 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ نتالیہ پرویز نے 33 رنز بنائے۔ تاہم ٹیم کی دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے قومی ٹیم 43ویں اوور میں 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے دیپتی شرما اور کرانتی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سنہ رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 247 رنز بنائے۔ پراتیکا راول نے 31، سمرتی مندھانا نے 23، ہرلین دیول نے 46 اور رچا گھوش نے جارحانہ انداز میں 35 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 جبکہ رامین شمیم اور نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یہ پاکستان ویمنز ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے، اس سے قبل قومی ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

بھارت کی فتح کے ساتھ ہی گروپ میں اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی، جب کہ پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے آئندہ میچوں میں لازمی کامیابیاں حاصل کرنا ہوں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں