ویشاکا پٹنم ( اسپورٹس ڈیسک)ویمنز ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویشاکا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر بھارت کا 331 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔ ویمنز ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں یہ اب تک کا سب سے بڑا کامیاب رن چیس ہے۔ اس سے قبل 2024 میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف 302 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی کپتان ایلیسا ہیلی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی باؤلرز پر دباؤ ڈال دیا۔ انہوں نے 142 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 21 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ایشلی گارڈنر نے 45، فیبی لیچ فیلڈ نے 40 جبکہ آل راؤنڈر ایلس پیری نے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔
بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 3، جب کہ دپتی شرما اور امنجوت کور نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 330 رنز بنائے۔ سمرتی مندھانا نے 80، پرتیکا راول نے 75، ہرلین دیول نے 38، جمیمہ راڈریگز نے 33 اور رچا گوش نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے آنا بیل سدرلینڈ نے 40 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صوفی مولانا نے 3 شکار کیے۔خراب موسم کے باوجود شائقین کرکٹ نے اس تاریخی میچ کو بھرپور جوش و خروش سے دیکھا، جب کہ آسٹریلوی ٹیم کی جیت پر اسٹینڈز میں موجود تماشائیوں نے کھڑے ہو کر کھلاڑیوں کو داد دی۔

