ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی

کولمبو (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 107 رنز سے بآسانی شکست دے دی۔

کولمبو کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔ آسٹریلوی ٹیم کی 7 وکٹیں محض 76 رنز پر گر چکی تھیں، تاہم بیتھ مونی اور ایلینا کنگ نے غیر معمولی شراکت قائم کر کے میچ کا رخ پلٹ دیا۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ بیتھ مونی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 114 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں، جبکہ ایلینا کنگ نے 49 گیندوں پر 51 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے 3، فاطمہ ثنا اور رامین شمیم نے 2،2 جبکہ ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سدرہ امین 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ دیگر کھلاڑی دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکیں۔اوپنرز صدف شمس (5) اور منیبہ (3) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، کپتان فاطمہ ثنا 11، ڈیانا بیگ 7، اور نشرح سندھو 11 رنز ہی بنا سکیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے کم گریتھ نے 3 وکٹیں، میگن شٹ نے 2 جبکہ ایلینا کنگ، انابیل سیدرلینڈ، ایشلی گارڈنر اور جارجیا ریہم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔یہ شکست پاکستانی ویمنز ٹیم کی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری ناکامی ہے۔ اس سے قبل ٹیم بنگلہ دیش اور بھارت کے خلاف بھی ہار چکی ہے۔تینوں میچوں میں شکست کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔قومی ویمنز ٹیم کا اگلا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں