ممبئی (سپورٹس ڈیسک)ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ 24ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 53 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ بھارت سے قبل آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور برطانیہ پہلے ہی ٹاپ فور میں اپنی جگہ پکی کر چکی ہیں۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز اسکور کیے۔ بارش کے باعث میچ کئی بار رکا اور بعد ازاں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 44 اوورز میں 324 رنز کا ہدف دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم بھرپور مزاحمت کے باوجود مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز ہی بنا سکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بروک ہالیڈی 81 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جب کہ ایزبیل گاز نے 51 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم، وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث مہمان ٹیم کیلئےہدف حاصل کرنا ممکن نہ رہا۔
بھارتی باؤلرز میں رینوکا سنگھ اور کرانتی گاؤ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ فیلڈرز نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔اس سے قبل بھارتی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔اوپنر پرتیکا روال نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
تجربہ کار سمرتی مندھانا نے 95 گیندوں پر 109 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، جب کہ جمیما راڈریگز نے بھی 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر بھارت کے مجموعے کو 340 تک پہنچایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے 3 باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم بھارتی بلے بازوں کے سامنے کوئی باؤلر نمایاں نہ ہو سکا۔
بھارت کی اس کامیابی کے ساتھ ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔اب آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، برطانیہ اور بھارت ٹائٹل کے حصول کیلئےمیدان میں اترینگے۔

