کولمبو (نمائندہ خصوصی)ویمنز ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 89 رنز سے بآسانی شکست دے دی۔کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 253 رنز بنائے۔ کپتان نیٹ سیور برنٹ نے شاندار 117 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ٹیمی بومنٹ نے 32 اور ہیتھر نائٹ نے 29 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا۔
سری لنکا کی جانب سے اینوکا رانا ویرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سوگندیکا کماری اور اودیشیکا پربودھانی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 164 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث لنکن ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 45.4 اوورز میں ہی پویلین واپس لوٹ گئی۔ ہرشیتا سامارا وکرما 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹن نے صرف 17 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ چارلی ڈین اور نیٹ سیور برنٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ کی یہ کامیابی ویمنز ورلڈ کپ میں ان کے سیمی فائنل کے امکانات کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

