وینزویلا کے صدر نکولس مادوروکواہلیہ سمیت نیویارک منتقل کردیاگیا

نیویارک(ایجنسیاں)وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور اُن کی اہلیہ سیلیا فلورس کو امریکی فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر دیا ہے، جہاں انہیں نیویارک میں ایک وفاقی حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے، اور ان پر منشیات، دہشت گردی اور دیگر الزامات عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ امریکہ نے وینزویلا پر ایک بڑی فوجی کارروائی کی جس میں مادورو کو گرفتار کیا گیا اور اب وہ نیویارک کی عدالت میں پیش کیے جانے والے ہیں، جبکہ امریکہ وینزویلا کی تیل کی صنعت اور انتظامی کنٹرول میں براہِ راست مداخلت کا عندیہ بھی دے رہا ہے۔

کارروائی کے دوران وینزویلا میں بجلی منقطع ہوئی اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد مادورو کو ہیلی کاپٹر سے سمندر کے قریب امریکی بحری جہاز تک پہنچایا گیا اور پھر امریکی طیارے کے ذریعے نیویارک لایا گیا۔

ادھر مادورو کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس کارروائی کو غیر قانونی اغوا قرار دیا ہے اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ملک کی سپریم کورٹ نے روڈریگز کو عبوری صدر بنانےکا حکم دیا ہے تاکہ انتظامی تسلسل برقرار رہے۔

مادورو کیخلاف امریکی حکام نارکو دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ سمیت مختلف وفاقی الزامات عائد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جن کے تحت انہیں مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔