وینکوور: شراب کی بو آنے پر ایئر انڈیا کے پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا

وینکوور(نامہ نگار)کینیڈا کے شہر وینکوور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ کو شراب کی بو آنے پر حکام نے حراست میں لے لیا۔ غیر ملکی اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا، جب مذکورہ پائلٹ پرواز سے قبل ڈیوٹی فری اسٹور میں خریداری کر رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ عملے نے پائلٹ سے شراب کی بو محسوس کی اور اسے شراب خریدتے دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر کینیڈین حکام کو آگاہ کیا گیا۔ حکام نے پائلٹ کا بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا اور مزید تفتیش کیلئے اسے روک لیا۔ واقعے کے باعث پرواز میں تاخیر بھی ہوئی۔

ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ کینیڈین حکام نے پائلٹ کے ڈیوٹی کیلئےموزوں ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا، جس کے بعد کمپنی نے احتیاطی اقدام کے طور پر پائلٹ کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔ ایئر انڈیا کے مطابق معاملے کی اندرونی سطح پر بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے ہوابازی کے نگران ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ایئر انڈیا کے ایک اور کاک پٹ کریو کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس کریو پر الزام ہے کہ اس نے دہلی اور ٹوکیو کے درمیان متعدد پروازیں سنگین تکنیکی اور آپریشنل خامیوں کے باوجود آپریٹ کیں۔

ڈی جی سی اے نے ایئر انڈیا سے دو ہفتوں کے اندر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروازوں کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ حکام کے مطابق ان واقعات کے تناظر میں ایئر انڈیا کے حفاظتی اور آپریشنل طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔