وینکوور: قونصل جنرل پاکستان کا پاکستانی آئس ہاکی چیمپئنز کے اعزاز میں ظہرانہ

وینکوور(نامہ نگار) پاکستان کےوینکوور میں قونصل جنرل شہزادحسین نے ایک خصوصی فیملی لنچ کا اہتمام کیا جس میں مس آمنہ عامر (وینکوور) کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ آمنہ عامر نے امیریگول لاٹم آئس ہاکی کپ 2025 میں پاکستان کی خواتین ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اور ٹیم کے طور پر سیکنڈ رنر اپ ٹائٹل حاصل کیا۔

اس موقع پر وینکوور سے تعلق رکھنے والے علی خان اور مہد ناصر کو بھی اعزاز بخشا گیا، جنہوں نے اسی ٹورنامنٹ میں سونے کا تمغہ جیت کر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی فاتح ٹیم کے رکن کے طور پر ملک کا نام روشن کیا۔

قونصل جنرل شہزادحسین نے اس کامیابی کو پاکستان کیلئےایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ”یہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف کینیڈا میں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان کو ایک نئے کھیل کے ذریعے اجاگر کر رہے ہیں۔ ہم ان پر فخر کرتے ہیں اور ان کی مزید کامیابیوں کیلئے دعا گو ہیں۔”

تقریب میں شرکاء نے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی اور آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں