ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا

فلوریڈا(نمائندہ خصوصی)ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے 59 سالہ ریان راؤتھ کو امریکی عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریان راؤتھ نے 2024 کے صدارتی انتخابات سے دو ماہ قبل ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے کئی ماہ تک اس حملے کی منصوبہ بندی کی اور اپنے اقدام پر کسی قسم کے پچھتاوے یا ندامت کا اظہار نہیں کیا۔ فلوریڈا کے شہر فورٹ پیئرس میں امریکی ضلعی جج ایلین کینن نے ریان راؤتھ کو 5 سنگین الزامات میں مجرم قرار دینے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی، جن میں سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش بھی شامل تھی۔

ملزم نے مقدمے کی سماعت کے دوران بحیثیت وکیل اپنا دفاع خود کیا۔ استغاثہ نے عدالت سے عمر قید کی سفارش کی تھی، جبکہ راؤتھ نے 27 سال قید کی درخواست کی تھی۔ پراسیکیوٹرز نے عدالتی دستاویزات میں کہا کہ ملزم کے جرائم بلا شبہ عمر قید کے مستحق ہیں کیونکہ اس نے کئی ماہ تک قتل کی منصوبہ بندی کی، راستے میں آنے والے کسی بھی شخص کو قتل کرنے پر آمادہ تھا اور نہ تو اس نے افسوس ظاہر کیا نہ ندامت۔

ریان راؤتھ کو ہوائی سے گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ نارتھ کیرولائنا میں مقیم تھا۔ اسے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 3 الزامات اور گرفتاری کے دوران وفاقی افسر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں بھی مجرم قرار دیا گیا۔