ٹرمپ کے ریزورٹ میں داخل ہونے کی کوشش میں مشتبہ شخص ہلاک

فلوریڈا (غیر ملکی خبر ایجنسی)امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ریزورٹ مارا اے لاگو میں ایک مشتبہ شخص نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

امریکی سیکریٹ سروس ایف بی آئی کے مطابق 20 سالہ شخص نے رات تقریباً ڈیڑھ بجے ریزورٹ کے محفوظ حصار میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے پاس شاٹ گن اور ایندھن کا کنستر موجود تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے رکنے اور ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا۔ ملزم نے کنستر نیچے رکھ دیا تاہم شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اٹھا لیا جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

حکام کے مطابق اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں موجود تھے۔واقعے کی تحقیقات امریکی سیکریٹ سروس ایف بی آئی کر رہا ہے اور ملزم کے پس منظر اور ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مرنے والے کی شناخت اہل خانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہیں کی گئی۔