ٹریفک پولیس میں خواجہ سراؤں کی بھرتیوں کا آغاز

بھارت کے حیدرآباد میں چیف منسٹر کے احکامات کے بعد خواجہ سراؤں کو سماج میں شناخت اور احترام فراہم کرنے کی خاطر ایک خاص اقدام کے تحت حیدرآباد ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ میں بطور ٹریفک اسسٹنٹس بھرتیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، گوشہ محل پولیس گراؤنڈ میں سماجی بہبود کے محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ امیدواروں کی فہرست کے مطابق بھرتی کا عمل شروع کیا گیا۔

اس موقع پر جسمانی ٹیسٹ کے انعقاد کیلئےڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ، ہوم گارڈ کمانڈنٹ اور ایڈیشنل ڈی سی پی سی اے آر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جبکہ ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق ٹریفک پولیس میں بھرتی کیلئےامیدواروں کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہئے، ہندوستانی شہری ہونا ضروری ہے اور کم از کم ایس ایس سی پاس ہونا لازمی ہے۔ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ سے جاری کردہ ذاتی شناختی کارڈ ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ امیدوار حیدرآباد کمشنریٹ کی حدود کا مقامی شہری ہو۔ کم از کم قد 165 سینٹی میٹر (ایس ٹی کیلئے160 سینٹی میٹر) ہونا ضروری ہے۔ امیدواروں کیلئے 800 میٹر دوڑ، لانگ جمپ، اور شاٹ پٹ جیسے جسمانی ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔ بھرتی کے عمل میں 58 افراد نے شرکت کی جن میں سے 44 کو منتخب کرلیا گیا۔

پولیس کمشنر کا اس موقع پر خواجہ سراؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کو اپنی برادری کیلئےرول ماڈل بننا ہوگا اور حیدرآباد پولیس اور تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ڈپارٹمنٹ کا نام روشن کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں