ٹورنٹو:اشفاق احمد کی کامیابی پر اشرف خان لودھی کا پیغامِ مبارکباد

ٹورنٹو(نامہ نگار)اشفاق احمد آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد کہ آپ سینئر اسسٹنٹ ایڈیٹر سے ترقی پا کر آج گلف نیوز کے منیجنگ ایڈیٹر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔

27 سال قبل ایک رپورٹر کی حیثیت سے شروع ہونے والا یہ سفر آج اس اعلیٰ مقام تک پہنچنا آپ کی محنت، دیانتداری، لگن اور صحافت سے سچی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آپ نے اپنے قلم کو ہمیشہ سچائی اور اصولوں کے ساتھ جوڑے رکھا، اور یہی وہ وصف ہے جس نے آپ کو نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پوری پاکستانی صحافتی برادری کا فخر بنا دیا۔

مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ تقریباً 35 برس سے آپ کے ساتھ دوستی کا رشتہ قائم ہےاور میں نے قریب سے آپ کی انتھک محنت، خلوص اور پروفیشنل صلاحیتوں کو دیکھا ہے۔ آج جب آپ اس بڑے اعزاز کے مستحق ٹھہرے ہیں تو یہ میرے لئے بھی ذاتی طور پر خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔

چند روز قبل جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ہاتھوں آپ کو ملنے والا ایوارڈ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کی محنت کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

دعا ہے کہ کامیابیوں اور کامرانیوں کا یہ سفر اسی طرح جاری و ساری رہے، اور آپ اپنی صحافت کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی سمیت عالمی برادری میں بھی روشنی بانٹتے رہیں۔

اشفاق احمد! آپ ہمارے لئےایک روشن مثال ہیں اور آپ کی ترقی ہم سب کیلئےباعثِ فخر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں