ٹورنٹو، کینیڈا(اشرف خان لودھی سے)یوم عاشور کے موقع پر مِکلکن پارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جومقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مارکھم پہنچااور حسینیہ پاسبوپر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔10 محرم الحرام 1447ھ کو امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں نکالا گیا مرکزی جلوس ٹورنٹو کے علاقے مِکلکن پارک (Miclikin Park) سے برآمد ہوا۔ جلوس کا آغاز دوپہر کے وقت ہوا جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عزاداروں نے سیاہ لباس پہنے، ماتم اور نوحہ خوانی کی، اور امام عالی مقامؑ کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیااورروایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ پاسبو(Hussainia Pasbo) پہنچ کر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
مقامی پولیس اور والنٹیئرز نے راستوں پر تعینات ہو کر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا اور شرکاء کی حفاظت کو ممکن بنایا۔شرکاء کو شربت، پانی اور نیاز کی سبیلیں مختلف مقامات پر فراہم کی گئیں۔ مجالسِ عزا اور ذکرِ مصائبِ اہل بیتؑ جلوس کے دوران جاری رہے۔جلوس کے اختتام پر علم اور تابوت کی زیارت کروائی گئی۔

