ٹورنٹو ایئرپورٹ پر 400 کلو سونے کی چوری — مرکزی ملزم ارسلان چوہدری گرفتار

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی، کینیڈین پولیس)پیل ریجنل پولیس نے کینیڈا کی تاریخ کی سب سے بڑی سونے کی چوری کے کیس میں 43 سالہ ملزم ارسلان چودھری کو ٹورنٹو کے پیرسن ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم دبئی سے فلائٹ کے ذریعے ٹورنٹو پہنچا تھا، جہاں اسے جہاز سے اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔

ملزم پر 5000 ڈالر سے زائد کی چوری، جرم کے ذریعے حاصل کردہ جائیداد رکھنے (دو الزامات)، اور قابلِ دست اندازی جرم کی سازش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ارسلان چودھری اس چوری کے مرکزی منصوبہ سازوں میں سے ایک ہے اور مبینہ طور پر اس نے چوری شدہ سونا کینیڈا سے باہر نکالنے اور اسے ٹھکانے لگانے میں مدد کی تھی۔

یہ واردات 17 اپریل 2023 کو پیش آئی، جب ایئر کینیڈا کے کارگو ٹرمینل سے 20 ملین ڈالر مالیت کا سونا اور 2.5 ملین ڈالر کی نقدی چوری کی گئی۔ اس کیس میں اب تک 10 افراد پر الزامات عائد کیے جا چکے ہیں، تاہم دو ملزمان (سابق ایئر کینیڈا ملازم سمرن پریت پنیسر اور پراستھ پیرامالنگم) اب بھی مفرور ہیں۔

گرفتاری کے بعد ارسلان چودھری کو بریمپٹن کی عدالت میں ضمانت کی سماعت کیلئے پیش کیا گیا، جہاں انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔ پیل ریجنل پولیس کے چیف نشان دورائیہ نے کہا، “یہ بات سب جان لیں: آپ جہاں کہیں بھی چھپنے یا بھاگنے کی کوشش کریں، ہم آپ کو ڈھونڈ نکالیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ گرفتاری اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح پیل پولیس کے افسران قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر منظم جرائم کو روک سکتے ہیں اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ارسلان چودھری اس چوری کا مرکزی منصوبہ ساز تھا اور ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ چوری والے دن اس نے دیگر ملزمان سے 772 بار رابطہ کیا تھا۔ سارجنٹ مائیک میوٹی کے مطابق ارسلان کو معلوم تھا کہ اس کے خلاف ملک گیر وارنٹ موجود ہیں، اس لیے اس نے اپنے وکلاء کے ذریعے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا اور جیسے ہی وہ دبئی سے پیرسن ایئرپورٹ پہنچا، اسے حراست میں لے لیا گیا۔