ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)ٹورنٹو میں جاری شدید گرمی اور مرطوب موسم کے باعث برچ ماؤنٹ کمیونٹی سینٹر کے مقبول انڈور پول کو منگل کے روز بند کرنا پڑا۔ درجہ حرارت اور نمی کی بلند سطح نے ملازمین کیلئےغیر محفوظ حالات پیدا کر دیے، جس کے بعد عملے نے کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق، سی یو پی ای لوکل 79، جو کہ شہر کے سرکاری ملازمین کی نمائندہ یونین ہے، نے بتایا کہ پول کے اندر ڈی ہمیڈیفیکیشن سسٹم میں میکانیکی خرابی کی وجہ سے نمی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی اور یونین ارکان نے سلامتی کے خدشات کے پیشِ نظر کام سے انکار کر دیا۔
شہر میں اس وقت ہیٹ وارننگ جاری ہے، اور ماہرینِ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات تک درجہ حرارت اور نمی کی سطح خطرناک حد تک بلند رہنے کا امکان ہے۔ یونین نے الزام لگایا کہ یہ صورتحال ٹورنٹو کی ناقص انتظامیہ کی نشاندہی کرتی ہے جو ملازمین کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔
یونین کے مطابق، انڈور پول کا درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، جو کہ صحت و سلامتی کے ضوابط کے تحت اضافی اسٹاف، میڈیکل عملے اور حفاظتی اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔ تاہم، 45 ڈگری سے زائد درجہ حرارت کے باوجود کسی بھی قسم کا میڈیکل عملہ موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مین اسکوائر کمیونٹی سینٹر کے انڈور پول میں ایسے ہی حالات کے باعث کام بند کرنا پڑا تھا۔شہری انتظامیہ نے پول کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر اسے “میکانیکی مسئلہ” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عوام اور عملے کی صحت و سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں کمیونٹی سینٹرز کے ڈی ہمیڈیفیکیشن سسٹمز کی مرمت کا عمل جاری ہے، اور پولز کو ممکنہ طور پر کل دوبارہ کھولا جا سکے گا۔
اس دوران، عملے کیلئے کچھ عارضی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں شامل ہیں عملے کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ،پانی اور الیکٹرولائٹس کی فراہمی،چھاؤں میں کام کرنے کی ترغیب،پنکھے اور ائیر کنڈیشنرز کی تنصیب، عملے کو وقفے کے دوران پول میں ٹھنڈک کے مواقع کی فراہمی کویقینی بنانا.
سی یو پی ای لوکل 79 کے صدر ناس یاداللہی نے اس صورتحال کو ٹورنٹو کے بگڑتے ہوئے بنیادی ڈھانچے اور ناقص انتظام کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا”ہمارے ارکان کو خطرناک حالات میں کام پر مجبور کیا جا رہا ہے، اور جب وہ اپنی جائز تشویش کا اظہار کرتے ہیں تو انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ نہ صرف ملازمین بلکہ عوام کی صحت کیلئے بھی خطرناک ہے۔”
یونین نے شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موسمِ گرما کے دوران تمام انڈور کمیونٹی سہولیات میں بہتر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے اور مستقبل میں اس نوعیت کے خطرات سے بچاؤ کیلئے جامع پالیسی تیار کرے۔

