ٹورنٹو : ریکارڈ توڑ برفباری، 54 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجنوں حادثات

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والی ریکارڈ توڑ برفباری نے شہر کو مکمل طور پر سفید چادر میں لپیٹ دیا۔محکمۂ ماحولیات کینیڈا کے مطابق 9 نومبر کو ٹورنٹو میں 9.8 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی . جو 1971 میں قائم 1.5 سینٹی میٹر کے سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے گزشتہ 54 برسوں کی سب سے زیادہ برفباری قرار دی گئی۔

محکمے نے بتایا کہ برفانی طوفان دو دن تک جاری رہا، جس دوران شہر کے مختلف حصوں میں شدید سردی، کم حدِ نگاہ اور پھسلن کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ذرائع کے مطابق ہیملٹن میں 17 سینٹی میٹر اور اوٹاوا میں 12 سینٹی میٹر برف پڑی، جب کہ جنوبی اونٹاریو کے بیشتر علاقے برفانی طوفان کی زد میں آ گئے۔

اونٹاریو پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ”گزشتہ 24 گھنٹوں میں گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) میں 200 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، خوش قسمتی سے زیادہ تر واقعات معمولی نوعیت کے تھے۔”محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو میں اس قدر شدید برفباری موسمِ سرما کے قبل از وقت آغاز کا اشارہ ہے، جس سے اونٹاریو کی نقل و حمل، توانائی کی فراہمی اور روزمرہ سرگرمیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شمالی امریکا میں غیر متوقع موسم کے رجحانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جو آنے والے مہینوں میں مزید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں