ٹوکیو :بچوں سے حسد پر شوہر نے 20 سال تک بیوی سے بات نہ کی

ٹوکیو (اوڈیٹی سینٹرل) جاپان سے ایک ایسے شوہر کی دلچسپ اور غیر معمولی کہانی سامنے آئی ہے جس نے اپنی بیوی سے تقریباً 20 سال تک بات نہیں کی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2017ء میں جاپان کے جزیرے ہوکائیڈو سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ نوجوان نے ایک ٹی وی پروگرام سے اپنے خاندانی مسئلے کے حل کیلئے مدد طلب کی۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ اس کے والدین تقریباً 20 سال سے ساتھ رہ رہے تھے، مگر اس نے کبھی انہیں باقاعدہ گفتگو کرتے نہیں دیکھا۔

رپورٹ کے مطابق اوٹو کاتایاما نامی شخص دو دہائیوں تک اپنی اہلیہ یومی کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہا۔ دونوں نے مل کر اپنے تین بچوں کی پرورش کی، ایک ساتھ کھانا کھاتے رہے، لیکن ان کے درمیان شاذ و نادر ہی کوئی بامعنی گفتگو ہوتی تھی۔

بتایا گیا کہ دونوں کے درمیان خاموشی کی وجہ کوئی گھریلو تنازع یا بے وفائی نہیں تھی، بلکہ اوٹو کاتایاما اپنی اہلیہ کی بچوں پر زیادہ توجہ دینے سے حسد محسوس کرتا تھا۔ اسی وجہ سے جب بھی یومی اس سے بات کرنے کی کوشش کرتیں تو وہ عموماً صرف سر ہلا کر یا مختصر جواب دے کر بات ختم کر دیتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق صورتحال سے پریشان ہو کر جوڑے کے سب سے چھوٹے بیٹے نے ایک ٹی وی پروگرام سے رابطہ کیا، جس کے بعد انتظامیہ نے دونوں کی ملاقات اسی پارک میں کروائی جہاں وہ شادی سے قبل پہلی بار ملے تھے، جبکہ ان کے تینوں بچے کچھ فاصلے سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔

پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران اوٹو کاتایاما نے برسوں کی خاموشی توڑتے ہوئے اپنی اہلیہ سے کہا کہ انہیں ایک دوسرے سے بات کیے بہت عرصہ گزر چکا ہے، وہ بچوں کے لیے ہمیشہ فکر مند رہیں اور انہوں نے بہت مشکلات برداشت کیں، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بیوی کی بچوں پر غیر معمولی توجہ دیکھ کر انہیں حسد محسوس ہوتا تھا، تاہم اب ماضی کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔