ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست بھارت فائنل میں پہنچ گیا

ممبئی (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت قومی کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ قومی کرکٹ ٹیم کو 7 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

دفاعی چیمپئن بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔ اوپنر سنجو سیمسن نے 42 گیندوں پر 89 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ شیوم دوبے نے 43، ایشان کشن نے 39، ہاردک پانڈیا نے 27، تلک ورما نے 21 اور سوریا کمار یادیو نے 11 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور ول جیکس نے دو دو جبکہ جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 246 رنز بنا سکی۔ نوجوان بیٹر جیکب بیتھل نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچایا، جبکہ ول جیکس 35 اور جوس بٹلر 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورن چکرورتھی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار بیٹنگ پر سنجو سیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ قومی کرکٹ ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئےکوالیفائی کیا تھا۔ایونٹ کا فائنل 8 مارچ کو نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔