دہلی(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کرکٹ ٹیم نے متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارت کے دارالحکومت دہلی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے 161 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں ابراہیم زدران 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
اس سے قبل یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ صہیب خان نے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ علی شان شرفو نے 40 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مجیب الرحمٰن نے 2 جبکہ راشد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

