واشنگٹن/نئی دہلی(ایجنسیاں)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے امریکا کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی پس منظر رکھنے والے چار کرکٹرز بھی بھارتی حکام کی جانب سے ویزا مسترد کیے جانے کا شکار ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق چاروں کھلاڑیوں کے ویزے ان کے پاکستانی بیک گراؤنڈ کی بنیاد پر مسترد کیے گئے ہیں۔
فاسٹ بولر علی خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ویزا مسترد ہونے کی تصدیق کی، جبکہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ احسان عادل اور محمد محسن کے ویزے بھی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
امریکا کے گروپ میں پاکستان، بھارت، نمیبیا اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔ امریکا کا پہلا میچ 7 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول ہے۔ گروپ مرحلے میں امریکا کے چار میں سے تین میچز بھارت میں ہوں گے، جن میں بھارت کے خلاف میچ ممبئی جبکہ نیدرلینڈز اور نمیبیا کے خلاف میچز چنئی میں کھیلے جائیں گے۔

