ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

چنئی (اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔چنئی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابراہیم زردان اور رحمان اللّٰہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔

گلبدین نائب 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صدیق اللّٰہ نے 29 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ ٹم سیفرٹ 65 اور گلین فلپس 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ڈیرل مچل 25 اور مچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز کھیلے گئے میچز میں پاکستان نے نیدرلینڈز، ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ اور میزبان بھارت نے امریکا کو شکست دی تھی۔ ایونٹ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔