ٹی 20 ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

ابوظبی (اسپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگال ٹائیگرز نے 144 رنز کا ہدف 17.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان لٹن داس کی شاندار نصف سنچری اور توحید ہریدوئے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ فتح میں اہم ثابت ہوئی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہانگ کانگ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ نزاکت خان 42 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ذیشان علی نے 30 اور کپتان یاسم مرتضیٰ نے 28 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور رشاد حسین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز 47 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ پرویز حسین ایمون 19 رنز بنا کر ایوش شکلا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ تنزید حسین 14 رنز بنا کر عتیق اقبال کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان لٹن داس اور توحید ہریدوئے نے اننگز کو سنبھالا اور 95 رنز کی شراکت قائم کی۔

لٹن داس نے 39 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہیں 142 کے مجموعی اسکور پر عتیق اقبال نے بولڈ کیا۔ توحید ہریدوئے 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے دو اور ایوش شکلا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے بعد بنگلہ دیش نے اپنے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے، جبکہ ہانگ کانگ کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔میچ میں بہترین کارکردگی پر لٹن داس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی فتح نے گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتحال پیدا کر دی ہے۔

ایشیا کپ کا چوتھا میچ کل پاکستان اور عمان کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں