کولمبو (اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 20 رنز سے شکست دے دی۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔
کوشال مینڈس 56 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ کامندو مینڈس نے 19 گیندوں پر جارحانہ 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوک ریل اور بیری میکارتھی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے پُراعتماد آغاز کیا اور ایک مرحلے پر کامیابی کے قریب دکھائی دی، تاہم وانیندو ہسارنگا نے تکلیف کے باوجود بولنگ جاری رکھتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔ مہیش تھیکشانا نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آئرلینڈ کی ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں مضبوط پوزیشن کے باوجود ہدف حاصل نہ کر سکی۔ اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے اہم فتح سمیٹ لی جبکہ آئرلینڈ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب چنئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 182 رنز اسکور کیے، گلبدین نائب 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ٹم سائفرٹ نے 65 اور گلین فلپس نے 42 رنز بنائے۔

