ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے کینیڈا کو ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

کینیڈا کا 107 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 20 کے مجموعی اسکور پر نیونیت دہلیوال 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ابھی اسکور میں صرف 9 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ پرگت سنگھ 2 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کینیڈا کی تیسری وکٹ 43 رنز پر گری، نیکولس کیرٹون ایک رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

کینیڈا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تیز ہوا تو چوتھی اور پانچویں وکٹ 54 رنز پر ہی گرگئیں، یہ دونوں وکٹیں حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔

اس دوران آرون جانسن نے 41 گیندوں کی مدد سے اپنی شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ لیکن وہ جلد ہی 52 کے اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ وہ کینیڈا کے آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹر تھے۔

87 کے مجموعے پر محمد عامر نے پاکستان کو 7ویں کامیابی دلوائی۔ انہوں نے کینیڈین کپتان سعد بن ظفر کو کیچ آؤٹ کروایا۔ سعد نے 10 رنز بنائے تھے۔

کینیڈا نے اس کے بعد مزید تو کوئی وکٹ نہیں گنوائی لیکن مقررہ 20 اوورز میں صرف 106 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 13 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انکے علاوہ حارث رؤف نے بھی دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹ شاہین شاہ اور نسیم شاہ کے حصے میں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ 53 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

کپتان بابر اعظم 33، صائم ایوب 6 اور فخر زمان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کینیڈا کی جانب سے ڈیلون ہیلنگر نے 2 جبکہ جریمی گورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ افتخار احمد کی جگہ صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔

یونٹ میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی جیت کی منتظر تھی، اسے پہلے میچ میں امریکا اور دوسرے میں روایتی حریف بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایونٹ میں اِن رہنے کےلیے پاکستان کو نہ صرف اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف شکست بھی درکار ہے۔

اگر امریکا کسی بھی طرح مزید ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان کےلیے ایونٹ پہلے مرحلے میں ہی ختم ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں