ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، امریکا کو 32 رنز سے شکست

کولمبو (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گزشتہ ایونٹ میں شکست کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا۔

پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ابتدائی پانچ اوورز میں ٹیم کی ففٹی مکمل کی۔ فرحان نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے تیز کھیل پیش کیا جبکہ صائم ایوب نے بھی دلکش شاٹس کھیلے۔ پاکستان کو پہلا نقصان 54 رنز پر اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 17 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ فرحان نے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور دونوں کے درمیان 53 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

شاداب خان نے اختتامی اوورز میں 12 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شواک ویک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز بہتر رہا، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم دباؤ میں آگئی۔ شبھم رنجانے نے 51 رنز جبکہ شایان جہانگیر نے 49 رنز بنا کر مزاحمت کی، مگر پوری ٹیم 158 رنز تک محدود رہی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2 جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔صاحبزادہ فرحان کو شاندار 73 رنز کی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کے چار پوائنٹس ہوگئے ہیں اور سپر 8 مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاہین آفریدی، عثمان طارق، ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور فہیم اشرف شامل تھے۔

امریکا کی ٹیم موناک پٹیل (کپتان)، ایندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رنجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل اور سورابھ نیٹراوالکر پر مشتمل تھی۔دونوں ٹیموں کا یہ ایونٹ میں دوسرا میچ تھا۔ پاکستان نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی جبکہ امریکا کو بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔