پالیکلے (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں انگلینڈ نے 146 رنز بنا کر بھی مقابلہ یکطرفہ بنادیا اور سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی۔پالیکلے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 146 رنز بنائے۔ فل سالٹ 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ول جیکس نے 21 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 3، مہیش تھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے دو، دو جبکہ دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن انگلش بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 95 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان داسن شناکا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کمنڈو مینڈس 13 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیام ڈاسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جیمی اوورٹن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ اسی گروپ میں گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

