اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ “اے”میں رکھا گیا ہے۔ دونوں ٹیمیں 15 فروری کو کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس گروپ میں نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکہ بھی شامل ہیں۔
ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا اور اس کی میزبانی مشترکہ طور پر بھارت اور سری لنکا کرینگے۔ پاکستان کےمیچ سری لنکا میں ہونگے اور اگر وہ فائنل سے باہر ہو گئے تو ان کا فیصلہ کن میچ احمد آباد میں ہوگا۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ 2024 ایڈیشن کی طرح برقرار رکھا گیا ہے: چاروں گروپس سے 2–2 ٹیمیں “سپر ایٹ” مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، اور سپر ایٹ کی ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی۔
میزبان بھارت اور سری لنکا کے علاوہ دیگر 18 ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، یو ایس اے، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، اٹلی، نیدرلینڈز، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔

