ٹی20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دے دی

احمد آباد (اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دے دی۔نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔

کپتان ایڈن مارکرم نے 32 گیندوں پر 59 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے نمایاں رہے۔ ڈیوڈ ملر 23 گیندوں پر 39 اور ٹرسٹن اسٹبس 19 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، دونوں نے آخری اوورز میں تیز رفتار 75 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا۔کینیڈا کی جانب سے انش پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینیڈا کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 156 رنز بنا سکی۔ نوینیت دھلیوال 49 گیندوں پر 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لنگی اینگیڈی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 31 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کگیسو ربادا نے بھی اہم وکٹ حاصل کی۔کینیڈا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث ٹیم دباؤ سے باہر نہ آسکی۔