ویانا (محمد عامر صدیق سے)ویانا میں قائم بین الاقوامی انسدادِ بدعنوانی اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز نے پاکستان کے ڈپٹی آڈیٹر جنرل ڈاکٹر تفخر علی اسدی کو 2028ء سے 2030ء تک کے لیے آزاد بیرونی آڈیٹر مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شفافیت، احتساب اور بہتر طرزِ حکمرانی کے عزم کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر تفخر علی اسدی پاکستان میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (بجٹ) کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے 2019ء سے 2021ء کے دوران عمرانیات میں ایم فل کیا۔ وہ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، اسلام آباد میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کا شمار پاکستان کے ان افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف سرکاری عہدوں پر ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ ان کی تقرری کو پاکستان کے لیے قابلِ فخر کامیابی قرار دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی انسدادِ بدعنوانی اکیڈمی کا انتظام 11 ارکان پر مشتمل بورڈ آف گورنرز چلاتا ہے۔ بورڈ کے تمام ارکان اپنی انفرادی حیثیت میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ ان میں سے 9 ارکان کا انتخاب اسمبلی آف پارٹیز کے ذریعے کیا جاتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم اور جمہوریہ آسٹریا کو ایک ایک رکن نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
بورڈ میں تمام علاقائی گروہوں کی نمائندگی موجود ہوتی ہے۔

