پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور طیاروں کی کمی — ایئر انڈیا کی واشنگٹن پروازیں معطل

نئی دہلی (رائٹرز ) ایئر انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ یکم ستمبر سے نئی دہلی اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان پروازیں معطل کر دی جائیں گی۔ ایئر لائن کے مطابق یہ فیصلہ بیڑے میں طیاروں کی کمی، پرانے بوئنگ جہازوں کی اپ گریڈنگ اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث کیا گیا ہے۔

ایئر انڈیا نے کہا کہ فضائی حدود کی بندش سے روٹس لمبے ہو گئے ہیں اور آپریشنل پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں، جس سے طویل فاصلے کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔ کمپنی اس وقت 40 کروڑ ڈالر کے بیڑے کی اپ گریڈیشن پروگرام پر کام کر رہی ہے۔

رائٹرز کے مطابق، پاکستانی فضائی حدود کی مسلسل بندش ایئر انڈیا کو ایک سال میں 60 کروڑ ڈالر تک کا نقصان پہنچا سکتی ہے۔ بھارت اور پاکستان نے پہلگام حملے کے بعد ایک دوسرے کیلئےفضائی حدود بند کر دی تھیں۔

مسافروں کو واشنگٹن پہنچنے کیلئےنیویارک، نیوآرک، شکاگو اور سان فرانسسکو میں اسٹاپ اوور کے ساتھ متبادل پروازوں کی سہولت فراہم کی جائیگی، جس کیلئے یونائیٹڈ ایئرلائنز، الاسکا ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ انٹرلائن معاہدے کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں