پاکستانی فلم ’’سراب‘‘ کا ورلڈ پریمیئر، محبت اور انسانی رشتوں کی کہانی نے شائقین کے دل جیت لیے

مسی ساگا( باباعرفان ملک سے) ایس جے پروڈکشنز کی پیشکش پاکستانی فلم ’’سراب‘‘ کی عالمی افتتاحی تقریب منعقدکی گئی، جس میں فلم بینوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ہال شائقین سے کھچا کھچ بھرا رہا اور فلم کے جذباتی موضوعات، کہانی اور موسیقی کو سراہا گیا۔

فلم ’’سراب‘‘ کی کہانی ایک نوجوان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی سچی محبت کے حصول کیلئےمختلف مشکلات، آزمائشوں اور زندگی کے نشیب و فراز کا سامنا کرتا ہے۔ فلم میں محبت کی خوبصورتی کے ساتھ جدائی کا درد، دل کی بے بسی، ادھورے خواب، قربانی اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں خصوصاً کینیڈا میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کے جذبات اور زندگی کے تجربات کی عکاسی کی گئی ہے۔

فلم کا بنیادی پیغام اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ بعض لوگ زندگی میں ساتھ نہیں رہتے، لیکن ان کی یادیں اور احساسات ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ بعض رشتے اپنی منزل تک نہیں پہنچ پاتے، تاہم ان سے وابستہ یادیں اور دل پر چھوڑے گئے نقوش انسان کے ساتھ رہتے ہیں۔

ورلڈ پریمیئر میں شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت کو معیاری کہانیوں اور جذبات سے بھرپور سنیما میں دلچسپی کا اظہار قرار دیا گیا۔ فلم کی پیشکش، کہانی کے جذباتی پہلوؤں اور موسیقی نے تقریب کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جمیل ظفر اور موسیقی کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے نغمات کے ذریعے فلم کے جذباتی تاثر کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

اس موقع پر سارم جعفری، ایس جے پروڈکشنز کی پوری ٹیم، فلم کے فنکاروں، ہدایت کاروں، مصنفین، موسیقاروں اور دیگر معاونین کو مبارک باد پیش کی گئی، جن کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کے نتیجے میں فلم مکمل ہوئی۔

فلم بینوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ کینیڈا کی پاکستانی برادری کیلئے یہ خوش آئند امر ہے کہ پاکستانی فنکار اور فلم ساز ایسی کہانیاں پیش کر رہے ہیں جو تفریح کے ساتھ نوجوان نسل کے جذبات، مسائل اور سماجی حقیقتوں کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم ’’سراب‘‘ کو زیادہ سے زیادہ ناظرین دیکھیں گے اور یہ محبت، احساس اور انسانی رشتوں کے حوالے سے ایک مثبت اور دیرپا پیغام چھوڑے گی۔

انہوں نے فلم کی پوری ٹیم کو عالمی افتتاحی تقریب کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے اس کی کامیابی اور مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔