لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستانی فلم و ٹی وی کے نامور اداکار و صداکار شجاعت ہاشمی لاہور میں انتقال کرگئے۔مرحوم کے بیٹے شاہکار ہاشمی نے تصدیق کی ہے کہ والد کچھ عرصے سے علیل تھے۔اہلِ خانہ کے مطابق شجاعت ہاشمی کی نمازِ جنازہ آج رات 9 بجے جامعہ نعیمہ میں ادا کی جائے گی۔
شجاعت ہاشمی نے کئی دہائیوں تک شاندار اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دل جیتے اور ان کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہیں کلاسک ڈرامہ سیریل وارث میں مولاداد کے کردار نے غیر معمولی شہرت دلائی۔
انہوں نے 1970 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈراموں سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا، جن میں ابتدائی ڈرامہ کوہر شامل تھا۔شجاعت ہاشمی کی پہلی پنجابی فلم چھڈ برے دی یاری 1975 میں ریلیز ہوئی جبکہ انہوں نے 1979 کی فلم خاک اور خون میں مرکزی کردار بھی ادا کیا۔
فنونِ لطیفہ کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 1994 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ ان کے انتقال پر شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

