کولمبو (سپورٹس ڈیسک) ماضی میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے فاسٹ بولر احسان عادل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف میچ کھیل لیا۔
احسان عادل نے یونائیٹڈ اسٹیٹس آف امریکا (یو ایس اے) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان کے مدمقابل آئے۔ تاہم وہ اس مقابلے میں نمایاں کارکردگی پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے 3 اوورز میں 39 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے، جبکہ بیٹنگ میں ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
احسان عادل اس سے قبل پاکستان کی جانب سے 3 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 6 ایک روزہ میچز میں 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نہیں کھیلا تھا۔ وہ 2015 کے کرکٹ ورلڈکپ میں بھی قومی اسکواڈ کا حصہ رہے۔
کرکٹ تاریخ میں ایسے واقعات کم دیکھنے میں آئے ہیں جب کسی کھلاڑی نے ایک ہی سطح پر دو مختلف ممالک کی نمائندگی کی ہو۔ اس ضمن میں گل محمد کی مثال دی جاتی ہے، جنہوں نے پہلے بھارت کی جانب سے کھیلتے ہوئے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا اور بعد ازاں پاکستان کی طرف سے بھی ایک ٹیسٹ میچ میں نمائندگی کی، جو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

