پی آئی کی ہوشیاریاں،سول ایوی ایشن کااجازت سے انکار،جہازگراونڈکردئیے گئے

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ 14ستمبرسے 28 ستمبر تک پاکستان سے کینیڈا کیلئےتمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی جائیں گی۔ یہ فیصلہ خصوصی بوئنگ ٹرپل سیون لانگ رینج طیاروں کی تکنیکی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے کیا گیا ہے، جو مسلسل 17 گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن کوسول ایوی ایشن کی جانب سے Airworthiness Certificateایشوکیاگیاتھا . مذکورہ سرٹیفیکیٹ کے بغیرکوئی بھی جہازقانونی طورپرپروازنہیں کرسکتا۔سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کوجہازوں کے لینڈنگ گیئر کی تبدیلی کے حوالے سے ایک ماہ کی مہلت دے رکھی تھی مگرمقررہ وقت میں پی آئی اے لینڈنگ گیئر تبدیل نہیں‌کرسکی جس پر مزید مہلت نہیں ملی اور Airworthiness Certificateبھی منسوخ ہوگیا اور پروازوں کو 2ہفتوں کیلئے بند کرنا پڑا.

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق دونوں لانگ رینج طیاروں کو 2 ہفتوں کیلئےمکمل معائنہ اور پرزہ جات کی تبدیلی کے عمل سے گزارا جائے گا، جو ہر دس سال بعد لازمی ہوتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آنے والے مہینے میں متوقع مسافروں کے رش سے پہلے طیاروں کی مکمل فٹنس کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو اس عارضی معطلی کی وجہ سے ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہے، تاہم طیاروں کی حفاظت اور فٹنس اولین ترجیح ہے۔واضح رہے کہ قومی ایئر لائن نے دو ہفتے قبل لاہور سے پیرس کیلئے اپنی پروازوں میں عارضی کمی کی تھی، تاہم اس کی وجہ مسافروں کی کم تعداد تھی، نہ کہ مینٹیننس۔

دوسری جانب پی آئی اے نے مانچسٹر کیلئے پروازیں بحال کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، اور اس مقصد کیلئے2 طیارے مرمت اور تزئین و آرائش کے عمل سے گزارے جا رہے ہیں، جنہیں لاہور-پیرس روٹ سے ہٹائے گئے طیاروں کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں