پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی میں عارضی توسیع، دوحہ مذاکرات کل سے متوقع

اسلام آباد( نامہ نگار) پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ بندی میں عارضی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ سیز فائر کو دوحہ میں جاری مذاکرات کے اختتام تک بڑھایا گیا ہے، جبکہ اعلیٰ سطح مذاکرات کل (18 اکتوبر) سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، مذاکرات میں افغان طالبان کا وفد وزیرِ دفاع ملا یعقوب کی قیادت میں شریک ہوگا، جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سینئر سیکیورٹی حکام کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے سفری اجازت نہ ملنے کے باعث طالبان حکومت نے اپنے وفد میں تبدیلی کی ہے۔

قبل ازیں، پاکستان نے 15 اکتوبر کو افغان طالبان کی درخواست پر 48 گھنٹے کے لیے عارضی سیز فائر نافذ کیا تھا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، پاکستان نے یہ اقدام بات چیت کے ذریعے پائیدار حل تلاش کرنے کی نیت سے کیا، جبکہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی تھی کہ افغان فورسز کو جنگ بندی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جب تک کوئی جارحیت نہیں کی جاتی۔

اپنا تبصرہ لکھیں