پبی(( آئی ایس پی آر)پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا انعقاد کیا گیا ہے، جو 8 جنوری سے 16 جنوری تک جاری رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مشق کے حوالے سے معزز مہمانوں کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور سینئر امریکی فوجی شخصیات نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمانوں کو مشق کی اہمیت، مقاصد اور انعقاد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں ممالک کی افواج کے شرکاء نے اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس پر معزز مہمانوں نے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد دہشت گردی سے نمٹنے کے تجربات کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ فوجی تعاون کو فروغ دینا، انسدادِ دہشت گردی کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانا اور باہمی ہم آہنگی کی صلاحیت کو بہتر بنا کر پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔

